محکمۂ موسمیات کی 26 جون سے سندھ میں بارشوں کی پیش گوئی

کراچی: 26 جون سے محکمۂ موسمیات نے سندھ میں بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں اور آئندہ چند روز میں مون سون ہواؤں میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ اس سلسلے کے تحت 26 جون کو تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، دادو میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جب کہ 27 جون کو سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، گھوٹکی میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ 2 روز میں درجہ حرارت میں اضافہ بھی متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ شہر قائد میں بدھ کو درجہ حرارت 37 اور جمعرات کو 38 ڈگری تک جاسکتا ہے جب کہ کراچی میں جمعہ سے اتوار کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 

26th JuneMeteorologicalRain predictionSindh