بیجنگ: ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کے لیجنڈ لیونل میسی کو بیجنگ ایئرپورٹ پر پولیس اہلکاروں نے دستاویز مکمل نہ ہونے پر حراست میں لے لیا، بعدازاں انہیں چھوڑ دیا گیا۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق لیونل میسی کو حراست میں لینے کا واقعہ بیجنگ میں 10 جون کو بیجنگ ایئرپورٹ پر پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی ہسپانوی اور ارجنٹائن دونوں پاسپورٹس کے حامل ہیں، تائیوان ویزا فری داخلے کی اجازت دیتا ہے لیکن میسی نے اسے چین میں بھی لاگو سمجھے جانے کی غلطی کی تھی، اسی وجہ سے ویزا کے لیے درخواست نہیں دی تھی جس کے نتیجے میں میسی کو ایئرپورٹ پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا، تاہم پولیس نے مسئلے کا فوری حل نکالتے ہوئے ویزے کی میعاد بڑھا کر لیونل میسی کو روانہ کردیا۔
بیجنگ کے ورکرز اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور آسٹریلیا کے درمیان ایک بین الاقوامی دوستانہ میچ شیڈول تھا، جس کے لیے کھلاڑی بیجنگ پہنچے تھے تاہم جب میسی بیجنگ پہنچے تو غلط ویزے کی بنا پر پولیس نے کھلاڑی کو حراست میں لیا اور پوچھ گچھ کی، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں میسی کے اردگرد پولیس اہلکاروں کو دیکھا جاسکتا ہے جب کہ میسی کو پریشان حال بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے ارجنٹینا ورلڈکپ میں جگہ بنانے کیلئے 15 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ 19 جون کو انڈونیشیا کے ساتھ ان ہی کی سرزمین پر میچ کھیلے گا،اس کے علاوہ بھی دیگر میچز کو شیڈول کیا جائے گا۔
فٹ بال کی دنیا میں لیونل میسی بڑا نام ہے اور انہوں نے اپنی کارکردگی سے بڑے اعزاز اپنے نام کر رکھے ہیں۔