کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی صف اول کی اداکارہ مہوش حیات نے شادی کے رشتے کو جوا قرار دے دیا۔
مہوش حیات نے حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر، ذاتی سوچ اور معاشرتی رویّوں پر کھل کر بات کی اور شادی سے متعلق اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔
مہوش حیات نے ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈرامہ سیٹ پر ہدایت کاروں کی باریکیاں غور سے دیکھتی ہیں تاکہ مستقبل میں بطور ہدایت کارہ خود کو تیار کر سکیں۔
انہوں نے دہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرد فنکاروں کو عمر بڑھنے کے باوجود نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے کی آزادی ہے جب کہ خواتین کو ان کی عمر پر جانچا جاتا ہے، ان کی صلاحیت اور محنت کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ مغربی انڈسٹریز میں عمر کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی بلکہ بولی وُڈ میں فٹنس کو سراہا جاتا ہے۔
شادی سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ رومانوی ضرور ہیں، لیکن حقیقت پسند بھی ہیں، اور زندگی میں ایسا ساتھی چاہتی ہیں جو سکون اور اعتماد دے۔ انہوں نے شادی کو جوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے میں کوئی جلدبازی نہیں کریں گی اور انہیں شادی کی کوئی جلدی نہیں ہے۔