کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے خواتین کے حق میں آواز بلند کردی، انہوں نے ملک میں عورتوں پر مظالم اور زیادتی کے بعد قتل جیسے واقعات پر آواز اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد اس حوالے سے جامع اقدام کیے جائیں۔
اداکارہ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہیش ٹیگ اور نعروں کا وقت اب ختم ہوچکا، حکومت بتائے کہ نظام کی تبدیلی کے لیے کیا کررہی ہے؟ جنسی ہراسانی اور صنفی تشدد جیسی چیزوں کو معاشرے سے اس وقت تک نہیں نکالا جاسکتا جب تک سماج خود تبدیل نہ ہوجائے۔
اداکارہ نے ایک اور ٹوئٹ میں ملک میں موجود عدالتی نظام سے متعلق کہا کہ یہ انتہائی خطرناک، فرسودہ اور غیر مؤثر ہے، قوانین ہیں لیکن ان کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تشدد اور زیادتی سے پاک معاشرے میں زندگی گزارنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے، کسی کو خوف میں مبتلا ہوکر نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ اب کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ان سب کے خلاف ابھی اور اسی وقت ایکشن لینا ہوگا اس سے قبل کہ کوئی اور مظلوم ہیش ٹیگ بنے۔