مہوش حیات اور حسن شہریار آسکر سلیکشن کمیٹی کے رکن مقرر

کراچی: پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات اور معروف ڈیزائنر حسن شہریار یاسین آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے۔
آسکر سلیکشن کمیٹی کی سربراہی 2 مرتبہ آسکر اور ایمی ایوارڈ جیتنے والی فلم ساز شرمین عبید چنائے کریں گی اور یہ کمیٹی فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کے لیے پاکستانی فلم نامزد کرے گی۔
اس ضمن میں اداکارہ مہوش حیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس سال دو مرتبہ آسکر جیتنے والی شرمین عبید چنائے کے ساتھ آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نامزد کردہ فلمیں دیکھنے کی منتظر ہوں اور یہی ایک واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرنے کے ساتھ ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرسکتے ہیں‘۔
دوسری جانب نامور ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آسکر کمیٹی کا حصہ بننے پر بہت فخر محسوس کررہا ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کی سربراہی 2 مرتبہ آسکر ایوارڈ کی فاتح شرمین عبید چنائے کررہی ہیں جب کہ کمیٹی میں ڈائریکٹر اسدالحق، اداکارہ مہوش حیات اور موسیقار فیصل کپاڈیا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ تمام ممالک کی جانب سے نامزدگیوں کے بعد موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز اکیڈمی ایوارڈ کی حتمی نامزدگیوں کا اعلان کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کی تقریب کا انعقاد ہر سال فروری کے آخر میں کیا جاتا ہے لیکن رواں سال عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر آسکرز کی تقریب ملتوی کر کے 25 اپریل 2021 تک کردی گئی ہے۔

#Hassan Sheheryar#Mehwish HayatMemberOscar Selection Committee