گلوکارہ مہناز بیگم کی آٹھویں برسی!

کراچی: نامور گلوکارہ مہناز بیگم کی آٹھویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
1958ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی مہناز کا اصل نام کنیز فاطمہ تھا، استاد امراؤ بندوخان کے بھتیجے نذیر نے انہیں مہناز کا نام دیا، گلوکارہ مہناز نے موسیقی کی تربیت مہدی حسن کے بڑے بھائی پنڈت غلام قادر سے حاصل کی۔
امیر امام نے انہیں پاکستان ٹیلی وژن کے پروگرام نغمہ زار کے ذریعے متعارف کروایا، جس کے بعد مشہور موسیقار اے حمید نے گلوکارہ مہناز کو فلمی دنیا میں آنے کی دعوت دی۔ ہدایت کار نذرالاسلام کی فلم ’’حقیقت‘‘مہناز کی بطور گلوکارہ ریلیز ہونے والی پہلی فلم تھی۔ جلد ہی مہناز فلمی دنیا کی مقبول ترین آواز بن گئیں۔ گلوکارہ مہناز نے ساڑھے تین سو سے زائد فلموں کے لیے پانچ سو سے زیادہ نغمات ریکارڈ کروائے۔
حکومت نے گلوکارہ مہناز کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔ اس کے علاوہ انہیں دیے جانے والے اعزازات میں دس نگار ایوارڈ، دو نیشنل ایوارڈ، سات گریجویٹ ایوارڈ اور ایک پی ٹی وی ایوارڈ شامل ہیں۔ مہناز نے 1977 سے 1983 تک مسلسل سات سال تک نگارایوارڈ حاصل کیے جوایک منفرد اعزاز ہے۔
خیال رہے کہ مہناز طویل عرصے سے ہائی بلڈپریشر اور پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا تھیں۔ 19 جنوری 2013ء کو وہ علاج کے لیے امریکا جارہی تھیں کہ اچانک راستے میں ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ جہاز کو ہنگامی طور پر بحرین میں اتارا گیا اور انہیں فوری اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبرنہ ہوسکیں۔

Death anniversaryMehnaz begumsinger