اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا استقبال کیا۔ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر میں وزیراعظم نے نیشنل انٹیلی جنس کوآرڈی نیشن کمیٹی اجلاس کی صدارت کی، جس میں وفاقی وزراء شیخ رشید اور فواد چوہدری شریک ہوئے۔
سروسز انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی جب کہ ایف آئی اے کے سربراہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں انٹیلی جنس تعاون کے معاملے پر بریفنگ دی گئی اور وزیراعظم نے نیشنل انٹیلی جنس کوآرڈی نیشن کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے نیشنل انٹیلی جنس کوآرڈی نیشن کمیٹی کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔