وزیراعظم سے امریکا اور ایران کے مذاکراتی وفود کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی نائب صدر کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات کے بعد ایران کے مذاکراتی وفد سے علیحدہ ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت ایرانی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جناب عباس عراقچی کی معاونت کی۔
اسلام آباد مذاکرات میں ایران کی شمولیت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے مفاد میں بامعنی نتائج کے حصول کی جانب رفتار بڑھانے میں مدد کے لیے ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ حکام نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں آنے والے امریکی مذاکراتی وفد سے بھی ملاقات کی۔