اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی اور وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو انتہائی پُرمغز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچاکر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو میں کہا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور اب تک اس کی یادیں تازہ ہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے، اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے۔