لاہور: اداکارہ میرا کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو کسی نے امریکا کے مینٹل اسپتال میں داخل کرادیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ میرا کی والدہ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ان کی آخری بار میرا سے گفتگو 5 اپریل کو ہوئی تھی۔
میرا کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’5 اپریل کو میری میرا سے بات ہوئی، اس نے بتایا کہ امی جان، مجھے کسی نے مینٹل اسپتال میں داخل کرادیا ہے‘۔
میرا کی والدہ کے مطابق میرا نے انہیں بتایا کہ انہوں نے مینٹل اسپتال میں بہت شور مچایا کہ وہ پاگل نہیں ہیں لیکن ڈاکٹرز نے کہا کہ آپ کے کچھ ٹیسٹ لیں گے۔
میرا کی والدہ نے مزید بتایا کہ ’میں نے میرا سے رابطہ کیا تو میرا رابطہ نہیں ہوپایا اس کے تمام ذاتی نمبر بند جارہے ہیں‘۔
میرا کی والدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کی اور کہا کہ ’میری بیٹی کو بازیاب کرواکے پاکستان واپس بلائیں‘۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق اداکارہ میرا امریکا میں ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئیں، میرا کورونا کی ویکسی نیشن کے بعد بخار محسوس کررہی تھیں، معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال گئیں جہاں انہوں نے پروٹوکول اور اپنی شہرت کے حوالے سے ڈاکٹر کو بتایا۔
ڈاکٹر نے کہا کہ آپ شوبز اسٹار ہوں گی مگر میں اصول کے مطابق مریضوں کو ڈیل کرتا ہوں، تاہم میرا کی جانب سے یہی باتیں جاری رہیں جس کے بعد ڈاکٹر نے مینٹل ہیلتھ والوں کو اطلاع دے دی۔