قائداعظم کے مزار پر انکے اقوال دہرانا کون سا گناہ ہے، مریم نواز

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم میں اختلاف پیدا کرنے کی سازش ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور پھر عدالت پیشی کے بعد مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں پی ڈی ایم کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مریم نواز، اختر مینگل، میاں افتخار، اویس نورانی، راجہ پرویز اشرف، پرویز رشید، مریم اورنگزیب اور راشد محمود سومرو سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔ اجلاس میں کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر بات چیت اور مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے مزار پر ان کے فرمودات کو دہرانا کون سا گناہ ہے؟ قائداعظم کے مزار پر نوازشریف زندہ باد یا مریم زندہ باد کے نعرے نہیں لگے، بلکہ صرف ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے گئے، مزار قائد پر ہلڑ بازی پی ٹی آئی نے کی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت نے ہمارا کام آسان کردیا اور ہمیں قوم کو بتانے کا موقع دیا کہ نواز شریف سچ کہتے ہیں کہ ملک میں ریاست کے اندر ریاست نہیں بلکہ ریاست سے بالا ریاست ہے، بلیک میل کرنے کی بجائے ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرو، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفدر کی گرفتاری کا مقصد پی پی اور ن لیگ میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش ہے، صفدر کو پہلے سے دھکیاں مل رہی تھیں کہ آپ کو نہیں چھوڑیں گے، پی ڈی ایم قیادت نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے فون کرکے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے فون پر کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری میرے لیے باعث صدمہ ہے، انہیں جس طرح گرفتار کیا گیا وہ سندھ کی روایات کے خلاف ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ کیپٹن (ر) صفدر کو آج گرفتار کیا گیا اور انہیں ان کی اہلیہ کی موجودگی میں گرفتار کیا گیا، رینجرز نے ان کے کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا، کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا عمل شرم ناک ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے بے خبر رکھا گیا، اور پولیس پر دباؤ ڈال کر کیپٹن صفدر کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا، آج جو حرکت کی گئی ہے وہ بدمعاشی ہے اور یہ تمام عمل پی ڈی ایم میں اختلاف پیدا کرنے کی سازش ہے، پی ڈی ایم کا مطالبہ ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو فوری رہا کیا جائے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر ہم سب دکھی ہیں، ان کی گرفتاری شرم ناک حرکت ہے،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس سارے عمل سے وزیراعلیٰ سندھ کو بھی لاعلم رکھا گیا، بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے بھی کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

#Capt. (R) Safdar#Maryam Nawaz#Maulana Fazal Ur Rahman#PDM