کراچی: اداکارہ اور ٹی وی میزبان مایا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شادی کے فوراً بعد ہی اپنی غلطی کا احساس ہوگیا تھا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے چار سال تک اس رشتے کو نبھایا۔
مایا خان نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر کی غلطیوں پر ایک پوڈ کاسٹ میں کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد انہیں شدید ڈپریشن اور انزائٹی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ شوہر کی جانب سے تشدد اور دیگر مسائل تھے۔
مایا نے کہا کہ بہتر ذہنی صحت ہر فرد کا حق ہے، لیکن بدقسمتی سے معاشرے میں ڈپریشن اور انزائٹی کو سنجیدہ مسئلہ نہیں سمجھا جاتا، حالانکہ یہ ایک بیماری ہے جو کسی کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔
ماضی میں مایا خان اس بات کا اعتراف کرچکی ہیں کہ ان کی پہلی شادی ناکام رہی تھی اور انہیں شوہر کی جانب سے بدترین جسمانی تشدد اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان کی شادی طلاق پر ختم ہوئی۔
خیال رہے کہ مایا خان 2011 میں نکاح کرچکی تھیں تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہو سکی اور دوسری شادی بھی کچھ عرصے بعد ختم ہوگئی۔