اسلام آباد: نگراں وفاقی کابینہ کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ 9 مئی حملوں کا مقصد پاک فوج میں دراڑ ڈالنا تھا، حملے باقاعدہ سوچی سمجھی سازش تھے۔
ملک کے معروف انگریزی اخبار کی ایک رپورٹ میں ذرائع سے متعلق کہا گیا کہ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ، سازش کرنے والوں اور منصوبہ سازوں میں مقامی اور غیر ملکی عناصر شامل تھے۔
رپورٹ میں ذرائع نے کہا کہ کمیٹی کی یہ رپورٹ پی ٹی آئی اور اس کی اعلیٰ قیادت کے لیے پریشانی کا سبب ہوگی، تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ طے تھا کہ پی ٹی آئی والے بانی چیئرمین کی گرفتاری پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کریں گے، غلط معلومات کا پھیلاؤ، جعلی پروپیگنڈا اور جعلی خبریں چلانا بھی اِسی منصوبے کا حصہ تھا۔
کمیٹی 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری، قانونی اور انتظامی نوعیت کی کارروائی کے لیے کمیشن کی تشکیل کی سفارش کرسکتی ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے سال 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے القادر ٹرسٹ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا۔
ان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔