لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت لاہور میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں کا انتظام اور ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں 700 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں، تمام متعلقہ افراد کو ایس او پیز فراہم کردی گئی ہیں۔
اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کیے گئے بروقت اقدامات سے کورونا کے زیادہ پھیلاوَ کو روکا گیا، ملک بھر میں 321 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاوَن جاری ہے، اسمارٹ لاک ڈاوَن کے ذریعے 3 لاکھ افراد کو کورونا سے بچایا گیا ہے، این سی او سی نے 3 شہروں میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کی نشان دہی کی۔
اسد عمر نے کہا کہ دیہات اور شہروں کے درمیان مویشیوں اور افراد کی نقل و حرکت سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مویشی منڈیوں کا بہتر نظم نسق ناگزیر ہے، مویشی منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، تاہم ان کا حجم چھوٹا ہوگا، مقررہ حد سے زیادہ لوگوں کو منڈی میں آٰنے کی اجازت نہیں ہوگی، شہر کے اندر کسی کو مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مویشی منڈیوں میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہوں گے، مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کی جائے گی۔