کراچی: مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور کے قتل کا مقدمہ 3 روز بعد درج کرلیا گیا۔
شاہ فیصل کالونی کے علاقے شمع شاپنگ سینٹر کے قریب 10 اکتوبر کی شام قریباً 7 بج کر 40 منٹ پر فائرنگ سے شہید کیے جانے والے مولانا ڈاکٹر عادل خان اور ان کے ڈرائیور مقصود احمد کے قتل کا مقدمہ ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی انسپکٹر سکندر خان کی مدعیت میں پیر اور منگل کی درمیانی شب درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل کی دفعہ 302/34 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ RW 7ATA شامل کی گئی ہیں، مدعی ایس ایچ او کے ایف آئی آر میں دیے جانے والے بیان کے مطابق مددگار 15 کو7 بج کر 45 منٹ پر کالر بلال کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ مین شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل کالونی میں مسلح ملزمان نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی ہے، اس اطلاع پر ایس ایچ او معہ اہلکار سرکاری موبائل پر 7 بج کر 50 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچا تو ایک شخص حافظ طحہٰ صدیقی جو پولیس ملازم ہے اور شاہ فیصل کالونی تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل وقار و دیگر نے بتایا کہ بینک الحبیب نزد شمع شاپنگ سینٹر کے سامنے گاڑی نمبر ACB-348 ٹویوٹا ویگو رنگ سلور پر7 بج کر 40 منٹ پر3 ملزمان جس میں سے ایک نے شلوار قمیص اور دو نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی، پستول سے فائرنگ کی اور125 موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے، جن کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتے ہیں۔
فائرنگ سے ڈرائیور اور پچھلی سیٹ پر بیٹھا شخص زخمی ہوئے جنہیں ان کا تیسرا ساتھی جس کا نام مولانا عمیر معلوم ہوا جو خریداری کرکے واپس آیا تھا، اسی گاڑی میں طبی امداد کے لیے اسپتال لے کر روانہ ہوا، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 5 خول چلیدہ ملے جب کہ گاڑی کے اندر سے خون کے نمونے حاصل کرلیے گئے۔
ایس ایچ او ہمراہ اہلکار جائے وقوعہ سے جناح اسپتال پہنچے تو ایم ایل او ڈاکٹر عبدالغفار نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے مولانا ڈاکٹر عادل خان ولد مولانا سلیم اللہ خان اور مقصود احمد ولد حاجی محمد داؤد جاں بحق ہوگئے ، بعدازاں کارروائی 174 کے بعد ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیے، بعد ڈاکٹروپولیس کارروائی لاشیں لواحقین کے حوالے کی گئیں، لواحقین سے مقدمہ درج کرانے کی درخواست کی گئی جنہوں نے بوجہ مصروفیت تدفین سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے پر اتفاق کیا، مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش ایس آئی او تھانہ شاہ فیصل کالونی کے حوالے کردی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ مقدمے کی تفتیش سی ٹی ڈی منتقل کردی گئی۔