کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب دھماکے سے عمارت کے تباہ ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب دھماکے سے عمارت کے تباہ ہونے کا مقدمہ نجی بینک کے آپریشن منیجر محمد عارف کی مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل باالسبب اور نقصان پہنچانے کی دفعات درج ہیں۔
مدعی کے مطابق میں اور بینک کا عملہ موجود تھا کہ زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کے نتیجے میں بینک کی چھت گرگئی، میں گرتا پڑتا بینک سے باہر نکلا تو دیکھا کہ زخمی لوگوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، دھماکے کے بعد تین عدد کیش سیف اور تمام لاکر موجود تھے۔
مقدمے کے مطابق دھماکا سوئی گیس لیکیج کے باعث ہوا، جس سے بلڈنگ اور لوگوں کو نقصان پہہنچا، واقعے میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال میں واقع ایک رہائشی عمارت میں گیس خارج ہونے کے سبب ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 30 زخمی ہوگئے تھے۔