ریاض: مسجدالحرام یومِ عرفہ اور عیدالاضحیٰ پر عام عبادت گزاروں کے لیے بند رہے گی۔
حج سیکیورٹی کے نائب کمانڈر میجر جنرل محمد بن واصل الاحمدی نے اپنے بیان میں کہا کہ بیت اللہ اور اس کے بیرونی صحنوں میں نمازوں کی معطلی بدستور جاری رہے گی اور مکہ مکرمہ کے مکین بھی یومِ عرفہ پر اپنے گھروں ہی میں افطار کریں، محض سرکاری اہلکاروں کے ساتھ آنے والے افراد کو مسجد الحرام کے احاطے میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
میجر جنرل محمد بن واصل الاحمدی نے مزید کہا کہ حج کے لیے منصوبہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، تاہم حج کی منصوبہ بندی کے باقی مراحل پر کچھ دنوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہم نے غیر معمولی حالات کے پیش نظر صحت کے پہلو پر بنیادی توجہ مرکوز کی ہے، حفاظتی احتیاطی تدابیر کے تحت کعبۃ اللہ کے طواف اور صفا اور مروہ کے درمیان سعی کے راستوں کا تعیّن کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث سعودی عرب کی رواں سال کی حج پالیسی کے مطابق صرف سعودی عرب میں مقیم افراد حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔