اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی توانا آواز اور عظیم رہنما یاسین ملک جو اس وقت بھارتی جیل میں قید ہیں، اُن کی صحت ناساز ہے، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے، جس میں اُن کا کہنا ہے، اگر یاسین ملک کو کچھ ہوا تو ذمے داری بھارتی حکومت پر عائد ہوگی۔
مشعال ملک نے بھارتی وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ میرے شوہر اس وقت بھارتی جیل میں ہیں، یاسین ملک کشمیریوں کی توانا آواز اور عدالتی ٹرائل میں ناانصافی و عمر قید کی سزا کے بعد بھوک ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کے خلاف جاری ٹرائل ناانصافی اور جمہوری نظام کے برعکس ہے۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ مسلسل قید و تشدد کے باعث یاسین ملک کو کئی بیماریاں لاحق ہوچکی ہیں۔ کیس کی تاریخ کے دوران یاسین ملک نے متعدد بار عدالت میں موجود ہونے کی درخواست کی، لیکن بھارتی حکام نے ان کی موجودگی کے بغیر جرح کی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یاسین ملک کے خلاف یک طرفہ ٹرائل کیا جارہا ہے۔
مشعال ملک کا مودی کے نام خط میں کہنا ہے کہ یاسین ملک کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے اور انصاف کے حصول کی خاطر اب یاسین ملک جیل میں بھوک ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے۔
خط میں لکھاگیا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جدوجہد کررہے ہیں۔ اگر یاسین ملک کو دوران قید کچھ ہوا تو اس کی ذمے داری بھارتی حکومت پر ہوگی۔