مریم نواز ملکی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب، حلف بھی اُٹھالیا

لاہور: مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی مشترکہ امیدوار مریم نواز پنجاب کی وزیراعلیٰ منتخب ہوگئیں۔ مریم نواز ملکی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف بھی اُٹھالیا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان کیا۔ مسلم ن لیگ اور اتحادیوں کی مشترکہ امیدوار مریم نواز 220 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ اور واک آؤٹ کے باعث رانا آفتاب کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے۔ اسپیکر کے اعلان کے بعد مریم نواز نے قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ ن لیگ نے مریم نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ آج مزید دو ارکان پنجاب اسمبلی سردار خضر حسین مزاری اور طاہر قیصرانی نے حلف اٹھالیا۔ طاہر قیصرانی نے آئی پی پی اور سردار خضر مزاری نے مسلم لیگ ن کو جوائن کیا۔
رانا آفتاب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنا چاہی مگر اسپیکر نے اجازت نہیں دی۔ ملک احمد نے کہا کہ آج کا اجلاس صرف وزیراعلیٰ کے چناؤ کے لیے ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے اراکین بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔
مریم نواز نے اپوزیشن کو مناکر ایوان میں واپس لانے کا کہا، جس پر 6 لیگی رہنما اپوزیشن کو منانے پہنچ گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ اسپیکر صاحب اپوزیشن کو بولنے کی اجازت دے دیں، آپ ہارے ہیں یا جیت رہے ہیں مقابلہ کرنا جمہوریت کا حسن ہے۔
پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت 327ارکان پر مشتمل ہے۔ ن لیگ کو 224 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ سنی اتحاد کونسل کے پاس 103 ارکان ہیں۔ قائد ایوان کے لیے 186 ارکان کی اکثریت حاصل کرنا تھی۔

 

Elected Chief Minister of PunjabFirst Woman CM in Country HistoryMaryam NawazPML (N) Leader