لاہور: مریم نواز نے جج ارشد ملک کے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے انصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ دھویا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مسلم لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ کا بے انتہا شکر جس کے ہاں دیر ہے نہ اندھیر۔ اب عدلیہ کے وقار اور انصاف کا تقاضا ہے کہ داغ دار جج کے داغ دار فیصلوں کو بھی پھاڑ پھینکا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ آج کا فیصلہ بے شک سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہے۔ اس فیصلے نے نواز شریف پر ہی نہیں، عدل وانصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ دھویا ہے۔
مریم نواز شریف نے لکھا کہ تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے مقبول ترین سیاست دان کی بے گناہی پر وقت کا فیصلہ آگیا ہے۔ سات محترم جج صاحبان نے جج کی برطرفی کے ذریعے واضح کردیا کہ نواز شریف کو کس طرح سزائیں دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف کبھی ادھورا نہیں ہوتا۔ مکمل انصاف کا تقاضا ہے کہ جس طرح جج کو برطرف کیا گیا، اسی طرح اس کے بدعنوان فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آئین اور قانون کے احترام کا درس دینا بہت آسان ہے۔ یہ جانتے ہوئے کہ آپ بے قصور ہوں، جانتے ہوئے کہ ظلم اور ناانصافی ہورہی ہے۔ اپنی شریک حیات کو بستر مرگ پر چھوڑ کر قانون کے سامنے سر جھکا دینے کے لیے نواز شریف سا جگر اور حوصلہ چاہیے۔ اللّہ بے گناہ اور بہادر لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں جو اپنا آپ اور اپنا خاندان بکھرتا دیکھتے ہیں۔ بڑے سے بڑا نقصان اٹھا لیتے ہیں، مگر آئین اور قانون کو سربلند رکھتے ہیں۔ نواز شریف کا صبر جیت گیا، ان کی استقامت جبر پر بھاری رہی۔ نواز شریف کے چاہنے والے اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر ادا کریں۔