لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے بعد اب اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنا نہیں پڑے گا۔
گرین الیکٹرو بس میں بھی سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشت کاروں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، غیر معمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں دنیا عالمی معاشی بحران کا شکار ہے، حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔
ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورت حال میں عوام کو ریلیف دیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت کردی گئی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ فری کردی ہے، وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کا 35 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔