لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر میں تقریب میں شرکت کی، اس موقع پرانہوں نے سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا۔
مریم نواز نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابل ستائش ہے، بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی، ہم بلوچستان کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ممکن ہے، بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کو فتنہ نہیں بلکہ فتنہ الخوارج کا سامنا ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان کے لیے پنجاب کے وسائل اور خدمت حاضر ہیں، دعا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، سیکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے، بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔