لاہور: (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی غیر قانونی اراضی کیس میں نیب پیشی منسوخ ہوگئی۔
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جاتی عمرہ سے ریلی کی شکل میں نیب لاہور آفس پہنچیں۔ اس موقع پر پرویز رشید، طلال چوہدری، رانا ثناء و دیگر ن لیگی رہنما اور بڑی تعداد میں کارکنان مریم نواز کے ہمراہ تھے۔
مریم نواز کی گاڑی ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر چلارہے تھے۔ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے نیب آفس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
لیگی کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹاکر نیب دفتر جانے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں آگے جانے سے روکا جس پر لیگی کارکن بپھر گئے، انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
پولیس نے لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی بھاری شیلنگ کی، واٹر کینن استعمال، لاٹھی چارج کیا اور جوابی پتھراؤ بھی کیا جس کے نتیجے میں کئی کارکن زخمی ہوگئے۔
نیب بلڈنگ کو پتھراؤ سے نقصان پہنچا جب کہ مریم نواز کی گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹ گیا۔ مریم نواز نے پولیس پر اپنی گاڑی پر حملہ کرنے کا الزام لگایا۔
نیب نے حالات کی خرابی کی وجہ سے مریم نواز کی پیشی منسوخ کردی جس کے باعث مریم نواز نیب دفتر سے واپس روانہ ہوگئیں۔ نیب کے مطابق شرپسند عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر حالت خراب کرنے کے باعث پیشی منسوخ ہوگئی اور نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
قافلے کے ہمراہ مریم نواز دوبارہ واپس نیب آفس کے باہر پہنچیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جواب دینے آئی ہوں اور جواب دے کر ہی جاؤں گی۔