لاہور: مریم نواز کو غیر قانونی اراضی کیس میں قومی احتساب بیورو نے 11 اگست کو طلب کرلیا۔
نیب ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 11 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، مریم نواز کو 200 کنال اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا نیب نے سابق ڈی ای او نور امین گل اور احد چیمہ سے بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، 2014 میں رائے ونڈ میں مریم نواز کے نام 200 ایکڑ زمین منتقل کی گئی، 100 کنال زمین شہباز شریف اور 100 کنال زمین نواز شریف کے نام منتقل کی گئی جب کہ زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظرانداز کیا گیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کی زمین کے اردگرد تمام رقبے کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے اردگرد تعمیرات کو روکنے کے لیے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ اور سابق ڈی سی او لاہور نورامین مینگل سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔