کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزارہ برادری کے سر پر ہاتھ رکھیں، یہ لوگ بھی ریاست کے شہری ان کو تحفظ دیا جائے۔ لوگوں کے غم میں شریک ہونا وزیراعظم کی ذمے داری ہے۔
مریم نواز کا ہزارہ برادری کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کے پیارے چلے گئے، میں آپ سے دلی تعزیت کرتی ہوں۔ میرے پاس آپ کی دل جوئی کے لیے کوئی الفاظ نہیں، جس پر گزرتی ہے، صرف وہی جانتا ہے۔ میرے والد نے آپ لوگوں کے لیے خصوصی سلام بھیجا ہے۔ صرف ہم نہیں پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ میں غریب کان کنوں کے گلے کاٹے گئے، تصاویر نہیں دیکھی جاسکتیں۔ ہزارہ برادری کے لوگوں کو محدود کیا جاچکا، انہیں آزادانہ نقل و حرکت کی آزادی نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس بات کا افسوس ہے کہ آپ کسی بے حس شخص کو پکار رہے ہیں اور اس کے پاس وقت نہیں ہے۔ خدارا ریاست کے شہریوں کو تحفظ دیا جائے۔ شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھے شخص پر افسوس ہے جو تنقید کے ڈر سے یہاں نہیں آرہا، لیکن ان کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کے غموں میں شریک ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے کہا گیا ہے کہ جب تک وزیراعظم نہیں آئیں گے، ہم شہدا تدفین نہیں کریں گے۔ کیا وزیراعظم کی ان لاشوں سے بڑی ہوگئی ہے؟ وزیراعظم کو یہاں آنا پڑے گا، احتجاج کرنے والے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے۔