میرے رشتے آرہے، خواتین شوہروں کو دباؤ میں رکھا کریں، عتیقہ اوڈھو

کراچی: سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے لیے رشتے آرہے ہیں، جس سے وہ محظوظ ہورہی ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے چند دن قبل ایک شو کے دوران گفتگو میں کہا تھا کہ وہ پورا پورا ہفتہ ڈرامے دیکھنے میں گزارتی ہیں، تاکہ منصفانہ تجزیہ پیش کرسکیں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اسی وجہ سے ان کے شوہر بھی ان سے ناراض رہنے لگے ہیں اور انہیں وقت نہ دینے کے طعنے دیتے ہیں۔
عتیقہ نے اب اسی شو میں بتایا کہ جس دن سے میں نے ٹی وی پر کہا ہے کہ مصروف رہنے کی وجہ سے میرے شوہر مجھ سے ناراض رہنے لگے ہیں، اس وقت سے لوگوں کی جانب سے مجھے بہت زیادہ ہمدردیاں مل رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس پورے ہفتے کے دوران انہیں سوشل میڈیا پر بڑی ہمدردی ملی کیونکہ ان کا شوہر سے متعلق دیا گیا تبصرہ وائرل ہوگیا اور سوشل میڈیا پر لوگ پیغامات بھیج کے شادی کی پیشکش کررہے ہیں، مجھے بہت مزا آرہا ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے خواتین کو مشورہ بھی دیا کہ کبھی کبھار اپنے شوہروں کو تھوڑا چوکنا رکھنا اچھا ہوتا ہے، خواتین اپنے شوہروں کو دباؤ میں رکھا کریں، یہ اچھا رہتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سب نے انہیں سکھایا ہے کہ ہم سوشل میڈیا کو مختلف طریقوں سے اور ذہانت کے ساتھ استعمال کرسکتے ہیں، یہ واقعی مؤثر ہوسکتا ہے جیسے کہ یہ کسی کو پیغام پہنچانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بظاہر عتیقہ اوڈھو نے یہ تمام باتیں مذاق کے طور پر کہیں، ان باتوں سے وہ خود بھی لطف اندوز ہورہی تھیں جب کہ پروگرام میں موجود نادیہ خان اور میزبان بھی ان کی باتیں سن کر مسکرا رہے تھے۔

 

Atiqa odhoBig RevealedSenior actress