ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں 22 بھارتی فوجی ہلاک، 32 زخمی

چھتیس گڑھ: بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں 22 فوجی اہلکار ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 22 فوجی اہلکار ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے جب کہ ایک اہلکار اب بھی لاپتا ہے، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے مزید دستے جوناگوڑا گاؤں پہنچ گئے جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن باغیوں کے سرگرم رکن مادوی ہڈما کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر شروع کیا گیا، تاہم گزشتہ روز باغیوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، جو 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ آپریشن کے دوران قریباً 2000 اہلکاروں نے حصہ لیا، تاہم جیسے ہی اہلکاروں نے جنگل میں گھسنے کی کوشش کی، اسی دوران باغیوں نے حملہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آپریشن میں ماؤ باغیوں کو بھی شدید جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حملے کی جگہ سے صرف ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
دوسری طرف حملے میں بڑے پیمانے پر بھارتی فوجیوں کے جانی نقصان پر بھارتی صدر اور وزیراعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

22 Indian troops killedChatisgarhIndiaMaoist rebels