کراچی: فورسز نے آپریشن میں 207 کلوگرام کرسٹل آئس اور 227 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، پاکستان نیوی اور پاکستان کسٹم نے بحرعرب کھلے سمندر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ال حماد نامی بوٹ سے 207 کلوگرام کرسٹل آئس اور 227 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 16 ارب 3 کروڑ روپے بنتی ہے اور پی ایم ایس اے کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کہا کہ ایجنسی سمندر میں سازگار ماحول کے انتظامات میں اپنی قومی ذمے داریاں ادا کررہی ہے اور پی ایس ایم اے پاکستان نیوی کے ساتھ پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے کوشاں ہیں۔