کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی مقبول اداکارہ منشا پاشا نے اداکاروں کی شادیاں ناکام ہونے کا سبب بیان کردیا۔
ایک انٹرویو میں منشا پاشا کا کہنا تھا کہ اداکار غیر مستحکم ہوتے ہیں اور ہمارا کام ہماری دماغی صحت کو بھی متاثر کرتا ہے کیونکہ ہم مسلسل کیمرے کے سامنے تاثرات اور جذبات سے کھیل رہے ہوتے ہیں اور لوگ ڈرامے میں ادا کردہ کردار سے ہی ہمارے بارے میں رائے قائم کرلیتے ہیں۔
منشا نے کہا کہ اکثر جب کوئی اداکار اور اداکارہ کسی ڈرامے میں بطورِ جوڑی کردار نبھاتے ہیں تو لوگ ان کی جوڑی کو بے حد پسند کرنے لگتے ہیں اور جب وہ بھی یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ وہ ایک ساتھ اچھے لگتے ہیں اور انہیں پسند کیا جاتا ہے اس لیے وہ شادی کرلیتے ہیں جو بعد میں مسائل کا سبب بن جاتی ہے، کیونکہ انہوں نے ایک دوسرے کو سمجھا نہیں ہوتا۔
اداکارہ منشا پاشا کا کہنا تھا کہ ہم اداکاروں کے کام کی نوعیت ہی دکھاوا کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم جو بھی کررہے ہوتے ہیں سوشل میڈیا پر دکھاتے ہیں اور لوگ ہمارے معاملات میں بولتے ہیں، کیونکہ انہوں نے ہمیں جوڑی کے طور پر ایک ساتھ دیکھا ہوتا ہے، اس لیے انہیں ہماری شادی اور طلاق کے بارے میں جاننے کے لیے بھی تجسس ہوتا ہے۔
منشا پاشا نے کہا کہ ہمیں اپنی ذاتی زندگی سے جڑے معاملات سوشل میڈیا پر نہیں بتانے چاہئیں اور اپنی منگنی، شادی وغیرہ کو سوشل میڈیا سے دُور رکھنا چاہیے کیونکہ ہماری شادی، شادی ہونی چاہیے نہ کہ سوشل میڈیا پر دکھایا جانے والا رشتہ۔
اُن کا کہنا تھا کہ اداکاروں کی شادیاں ناکام ہونے کی اور بھی کئی وجوہ ہوتی ہوں گی مگر ان میں سے ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ منشا پاشا ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں جو سماجی مسائل پر اکثر آواز اُٹھاتی نظر آتی ہیں وہ نوجوان وکیل اور سماجی رہنما جبران ناصر کی اہلیہ ہیں اور یہ جوڑی ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہے۔