کراچی: فلموں اور ڈراموں کی مقبول اداکارہ منشا پاشا نے ماڈل و اداکار نور حسن سے گہری دوستی کا انکشاف کیا ہے۔
گزشتہ روز منشا پاشا اداکار نور حسن کے ساتھ ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شریک تھیں، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ بہت سے مداح یہ نہیں جانتے کہ نور حسن میرے گہرے دوستوں (بیسٹ فرینڈ) میں سے ایک ہے بلکہ انڈسٹری میں گزارے 7 سال کے دوران نور کا شمار میری زندگی کے اتار چڑھاؤ سے متعلق تمام حالات کو جاننے والے لوگوں میں ہوتا ہے۔
اس موقع پر اداکار نور حسن کا کہنا تھا ہم دونوں کام میں بہت مصروف ہوتے ہیں لیکن پھر بھی ایک دوسرے سے ہر وقت رابطے میں ہوتے ہیں، چاہے پھر وہ رابطہ موبائل فون کے ذریعے ہو یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر۔
شو میں منشا پاشا نے بتایا کہ ہم سب ایک ہی علاقے میں رہتے ہیں اور میں نے ایک بڑا وقت نور کے گھر گزارا ہے، میں جب حال ہی میں نور کے گھر گئی تو یاد کررہی تھی کہ ایک وقت تھا جب ہفتے میں 3، 4 دن نور کے گھر پر ہوتی تھی۔
نور حسن نے کہا کہ ہمیں زندگی میں جب بھی کوئی نیا ٹرائی کرنا ہوتا تھا تو ایک دوسرے کو کال کرکے فوراً بلالیا کرتے تھے۔
دھیان رہے کہ منشا پاشا رواں برس اپریل میں معروف سماجی کارکن جبران ناصر کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔