آریان منشیات کیس، شاہ رخ کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا: ممتابینرجی

ممبئی: بھارت کی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابینرجی نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان کو شوبز انڈسٹری کے دیگر افراد کی طرح جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔
وزیراعلیٰ ممتا بینر جی اور بولی وُڈ سپراسٹار شاہ رخ خان کے درمیان رشتہ بہت مضبوط ہے۔ شاہ رخ، ممتابینرجی کو اپنی بہن مانتے اور انہیں ’’دیدی‘‘ یعنی ’’بہن‘‘ کہتے ہیں جب کہ ممتا بینرجی بھی کنگ خان کو اپنا بھائی مانتی ہیں۔
حال ہی میں ممتابینرجی نے شاہ رخ خان کے حوالے سے بیان دیا کہ شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری کے بہت سے دوسرے لوگوں کی طرح نشانہ بنایا گیا۔
ممتا بینرجی نے یہ بیان حال ہی میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے کروز شپ ڈرگز کیس کے حوالے سے دیا ہے۔

اس کیس میں آریان خان کو منشیات رکھنے کے الزام میں این سی بی نے گرفتار کیا تھا اور لگ بھگ ایک ماہ تک جیل میں رہنے کے بعد آریان کو عدالت سے ضمانت ملی تھی۔ اس دوران شاہ رخ خان کا نام کئی بار سامنے آیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ممتابینرجی نے یہ بیان ممبئی میں اپنے تین روزہ دورے کے دوران ایک عوامی پلیٹ فارم پر دیتے ہوئے کہا، میں جانتی ہوں مہیش بھٹ کو نشانہ بنایا گیا، شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا اور بھی کئی نام ہیں۔
مہیش بھٹ کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کہ لبرلز کیسے دائیں بازو سے محفوظ رہ سکتے ہیں کے جواب میں ممتا بینرجی نے کہا بھارت طاقت کے استعمال پر نہیں بلکہ افرادی قوت کے استعمال پر یقین رکھتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمیں بی جے پی کے ظالمانہ، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی رویے کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 28 اکتوبر کو منشیات کیس میں بمبے ہائی کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔ بعدازاں عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی طور پر ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے۔

Aryan Khan caseCM West BengalIndiaKing KhanMamta BanerjiShah rukh Khan