ہارورڈ: سائنسی دُنیا میں روز بروز حیرت انگیز کارنامے انجام دیے جارہے ہیں۔ سائنس کی دُنیا کے ماہرین نے معدوم دیوقامت ہاتھی ‘مموتھ’ کو دوبارہ زندہ کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہم سب نے بالوں والے دیوہیکل ہاتھیوں کا نام سنا ہے جنہیں مموتھ کہا جاتا ہے، ہاتھیوں کی یہ نسل کب کی معدوم ہوچکی، اب سائنس دانوں نے اس کے ڈی این اے کی عام ہاتھیوں سے کلوننگ کے لیے ڈٰیڑھ کروڑ ڈالر کا سرمایہ بھی جمع کرلیا ہے۔ چار مراحل میں یہ کام کیا جائے گا۔ پہلے منجمد مموتھ کے ڈی این اے سے نکال کر اس کا موازنہ ایشیائی ہاتھی سے کیا جائے گا۔ دوم ایشیائی ہاتھی کی جلد کے خلیات لے کر اسے جینیاتی انجینئرنگ سے بدل کر مموتھ کے جین شامل کیے جائیں گے۔
تیسرے مرحلے میں اسٹیم سیل کی مدد سے ایک بیضہ تیار کیا جائے گا۔ اب ایشیائی ہاتھی کے جلد کی خلیات سے مرکزہ نکال کر مموتھ کے ڈی این اے والا مرکزہ داخل کیا جائے گا۔ آخری مرحلے میں انڈے کی افزائش شروع کرکے اسے ایشیائی مادہ میں داخل کرکے اسے حاملہ کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اگلے 6 برس میں پہلا مموتھ ہاتھی اس دنیا میں آنکھ کھولے گا۔