پریانتھا کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کا اہم بیان

اسلام آباد: ہجوم کے ہاتھوں سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن باشندے پریانتھا دیاودھنا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
وزیراعظم آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عدنان نے کہا کہ اس دن میرا جذبہ یہی تھا کہ کسی طرح سری لنکن شہری کو بچا لوں، چاہتا تھا کہ کوئی ایسا واقعہ نہ پیش آجائے کہ ملک کا نام خراب ہو۔
انہوں نے کہا کہ شاید یہ قتل قوم کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہو، یہ واقعہ پورے پاکستان کی سوچ کو بدل دے گا، سوچ بدلے گی تو آنے والی نسل کی بہتر پرورش ہوگی۔
دھیان رہے کہ سیالکوٹ میں فیکٹری منیجر کی حیثیت سے ملازمت کرنے والے سری لنکن شہری پریانتھا دیاودھنا کو توہین مذہب کے الزام میں مشتعل افراد نے تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا اور بعد میں اس کی لاش کو آگ لگادی تھی۔
ملک عدنان نے پریانتھا کو مشتعل افراد کے تشدد سے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ نہ بچاسکے۔ ملک عدنان کی اس کوشش پر وزیراعظم عمران خان نے انہیں تمغۂ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔
قبل ازیں سانحہ سیالکوٹ سے متعلق تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو تعریفی سند سے نوازا۔
سیالکوٹ میں قتل ہونے والے سری لنکن شہری کی یاد میں وزیراعظم آفس اسلام آباد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ تقریب میں پریانتھا کمارا کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کی گئی۔

Malik Adnanpriyantha kumaraSialkot incidentSri lankan factory manager