مالے: مالدیپ کے دارالحکومت مالے کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ رونما ہوا، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق آگ ایک رہائشی عمارت میں لگی، جس کی بالائی منزل سے 11 افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد ہوئیں، متاثرہ عمارت میں زیادہ تر تارکین وطن مزدور رہائش پذیر تھے۔
رپورٹس کے مطابق آگ عمارت کے گیراج میں لگی، جہاں گاڑیوں کی مرمت کا کام کیا جاتا ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آگ کی شدت کی وجہ سے صورت حال پر قابو پانے میں چار گھنٹے کا وقت لگا۔
مالدیپ میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر نے اپنے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ حادثے میں مرنے والوں میں 8 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔
بھارتی ہائی کمشنر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمیں مالے میں آگ لگنے کے واقعے میں جانی نقصان پر دکھ ہوا ہے، جس میں بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔