کوالا لمپور: پاکستان سمیت اُن 23 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر ملائیشیا نے پابندی عائد کردی ہے جہاں کورونا وائرس کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق ملائیشیا نے ایسے 23 ممالک کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں کورونا وبا کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہوں۔ ان پابندیوں کا اطلاق گزشتہ روز سے ہوچکا۔
ملائیشیا امیگریشن کی جانب سے فیس بک پر ان 23 ممالک کی فہرست بھی جاری کی گئی جن کے باشندوں پر ملک میں داخلے پر پابندی ہوگی، مذکورہ فہرست میں پاکستان، سعودی عرب، بنگلادیش، عراق، ترکی، اٹلی، بھارت، امریکا، برازیل، روس، پیرو، کولمبیا، جنوبی افریقا، میکسیکو، اسپین، چلی، ارجنٹائن، برطانیہ، فرانس، فلپائن، ایران اور انڈونیشیا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ملائیشیا میں کورونا وبا کے 10 ہزار کے لگ بھگ کیسز سامنے آئے اور 128 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ جنوری میں پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ملائیشیا نے وبا پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔