ملالہ فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی زینت!

لندن: نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کی تصویر برطانوی فیشن میگزین ووگ کے سرورق پر شائع ہوگی۔
کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ شخصیت کا اعزاز رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کو ووگ میگزین کے اگلے ماہ جولائی میں شائع ہونے والے ایڈیشن کے سرورق کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔


ملالہ نے گزشتہ روز فیشن میگزین کے سرورق کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ میں ایک ایسی لڑکی جس کے دل میں وژن اور مشن ہو، اس کی طاقت کو جانتی ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہر وہ لڑکی جو اس سرورق کو دیکھے گی وہ یہ جان جائے گی کہ وہ دنیا کو تبدیل کرسکتی ہے۔
ملالہ کی شیئر کی گئی تصویر اور ٹویٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
دوسری جانب ملالہ کے انٹرویو کو برطانوی فیشن میگزین ووگ کی جانب سے ’ملالہ کی غیر معمولی زندگی‘ کے عنوان سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ میگزین پروفائل کے طور پر ملالہ کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ملالہ کا ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ دوپٹہ ہماری پشتون ثقافت کی پہچان ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارا تعلق کہاں سے ہے، جب ہم پشتون یا پاکستانی لڑکیاں اپنے ثقافتی لباس پہنتے ہیں تو ہمیں مظلوم، بے آواز سمجھا جاتا ہے لہٰذا میں ہر ایک کو بتانا چاہتی ہوں کہ آپ اپنی ثقافت کے اندر بھی خود کی آواز بن سکتے ہیں۔

Cover pageJuly EditionMalala YousufzaiVogue Magazine