مکۃ المکرمۃ: پچھلے دنوں سعودی عرب میں دوران حج جاں بحق افراد کی تعداد 1000 سے تجاوز کرگئی ہیں، جن میں 58 پاکستانی حجاج بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق زیادہ تر اموات گرمی کی شدت یا گرمی سے پیدا شدہ پیچیدگیوں کے باعث ہوئیں، جاں بحق ہونے والوں میں سے 658 افراد کا تعلق مصر سے اور 68 کا تعلق بھارت سے ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق اردن، انڈونیشیا، ایران، سینیگال، تیونس اور کردستان ریجن کے شہریوں کی اموات کی بھی تصدیق ہوئی۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ دوران حج انتقال کرجانے والے بیشتر افراد حج ویزے پر نہیں بلکہ سیاحتی یا وزٹ ویزے پر تھے۔
تیونس اور اردن کی وزارت خارجہ کے حکام نے بھی بیشتر جاں بحق شہریوں کے حج ویزے پر نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے دوران حج 35 شہریوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حجاجِ کرام کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پاکستانی سفارت خانے کے حکام کو حجاج کرام کو تمام سہولتیں دینے کی ہدایت کی ہے۔