کراچی: اگر آپ فٹ رہنا چاہتے ہیں تو سیڑھیاں چڑھنے کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں کیونکہ یہ عادت آپ کو متعدد بیماریوں سے بچاسکتی ہے۔
ایک تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ جو شخص روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتا ہے وہ دل کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔
اسی طرح 15 منٹ تک روزانہ سیڑھیاں چڑھنے سے ناصرف آپ جسمانی وزن کم کرسکتے بلکہ پیٹ کی چربی گھٹانے کے ساتھ ہڈیوں کو بھی مضبوط بناسکتے ہیں۔
چہل قدمی کے مقابلے میں سیڑھیاں چڑھنے سے زیادہ تیزی سے کیلوریز کو جلایا جاسکتا ہے، جس سے جسم کی چربی تیزی سے گھلتی ہے۔
اسی حوالے سے امریکن کونسل آن ایکسرسائز کی جانب سے بتایا گیا کہ سیڑھیاں چڑھنے سے ہر ایک منٹ میں 8 سے 10 کیلوریز کو جلایا جاسکتا ہے۔
ایک تحقیق سے پتا چلا کہ روزانہ 10 منٹ سیڑھیاں چڑھنے سے جسم میں انسولین کی حساسیت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور جو لوگ روزانہ سیڑھیاں چڑھتے ہیں ان میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کو بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے، ای سی ایس پریوینٹیو کارڈیالوجی 2024 کی جانب سے بتایا گیا کہ جو افراد روزانہ سیڑھیاں چڑھنے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں دیگر کے مقابلے میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 39 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
سیڑھیاں چڑھنے سے ہمارے دماغ سے ہیپی ہارمونز کا اخراج ہوتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ اور اضطراب جیسے مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
سیڑھیاں چڑھنے کی عادت ہڈیوں کی کثافت اور لچک کو برقرار رکھتی ہے، ہڈیوں کے مسائل آسٹیوپوروسس اور اوسٹیو ارتھرائٹس کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔