پارا چنار: خیبر پختون خوا کے علاقے پاراچنار میں شادی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ پارا چنار میں سرحدی علاقے پیواڑ میں پیش آیا۔ گھر میں شادی کی تقریب چل رہی تھی اور بہت سے افراد موجود تھے۔ امدادی ٹیموں کے مطابق گرنے والے مکان کی چھت کچی اور بوسیدہ تھی۔
اس افسوس ناک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں کے کارکن جائے حادثہ پر پہنچے اور ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پرائیویٹ گاڑیوں میں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں اب تک 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔