محمد راحیل وارثی
سرزمین پاک انتہائی خوش قسمت گردانی جاتی ہے کہ وطن کے رکھوالے یہاں کثیر تعداد میں پیدا ہوتے اور ملک کے لیے مرمٹنے کے جذبے سے سرشار نظر آتے ہیں۔ اپنے قیام سے ہی یہ وطن دشمن قوتوں کی آنکھوں میں بُری طرح کھٹکتا آرہا ہے، وہ اسے نقصان پہنچانے کے لیے ہر طرح کے حربے اختیار کرتے ہیں، لیکن ان کے ہاتھ نامُرادی ہی آتی ہے کہ وطن کے رکھوالے، اُس کے سپوت اُن دشمنوں کے تمام تر مذموم عزائم ناکام بنادیتے ہیں۔ ملک و قوم کے یہ بیٹے قابل فخر ہیں۔ افواج پاکستان کو سلام کہ اُس کے افسران اور جوان ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی زندگیوں کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ آج اس ارض پاک کے ایسے ہی عظیم سپوت میجر طفیل محمد شہید کا یوم شہادت ہے، جنہیں افواج پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا۔
لکشمی پور مشرقی پاکستان میں دشمنوں کو ناکوں چنے چبوانے والے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کا اعزاز پانے والے پاکستان کے دوسرے سپوت تھے، وہ 22 جولائی 1914 کو مشرقی پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے 1943 میں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور 1947 میں جب وہ میجر کے عہدے تک پہنچے تو اپنے پورے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور یہاں فوج میں خدمات انجام دینے لگے۔
میجر طفیل شہید ذہین اور تجربہ کار انسٹرکٹر کی حیثیت سے بھی جانے جاتے تھے، اُن کو کمپنی کمانڈر بناکر مشرقی پاکستان رائفلز میں تعینات کیا گیا۔ بھارتی فوج کی پیش قدمی جاری تھے، جسے روکنے کے لیے 7 اگست 1958 کو لکشمی پور میں بحیثیت کمانڈر میجر طفیل اپنے ونگ کے ساتھ دشمن کی چوکی کے عقب میں پہنچ کر فقط 15 گز کے فاصلے سے حملہ آور ہوئے، دشمن نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشین گن سے فائرنگ شروع کردی۔
چونکہ میجر طفیل محمد شہید اپنی پلاٹون کی اولین صف میں تھے اس لیے وہ گولیوں کی پہلی ہی بوچھاڑ سے زخمی ہوگئے تاہم وہ زخمی ہونے کے باوجود آگے بڑھتے رہے اور انہوں نے ایک دستی بم پھینک کر دشمن کی مشین گن کو ناکارہ بنایا۔
لکشمی پور مشرقی پاکستان میں انہوں نے جرأت اور بہادری کی تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کا صفایا کیا اور گھمسان کی جنگ کے بعد ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کا مرتبہ پایا۔
میجر طفیل محمد کو فاتح لکشمی پور بھی کہا جاتا ہے۔ 5 نومبر 1959 کو صدر پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان نے کراچی میں ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں میجر طفیل محمد کی صاحبزادی نسیم اختر کو نشان حیدر عطا کیا۔
میجر طفیل محمد شہید کا مزار پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا کے قریب دہلی ملتان روڈ پر گاؤں 253 ای بی میں واقع ہے جس کو طفیل آباد کے نام سے جانا جاتا ہے۔ آپ کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔