راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف اہم پیش رفت کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 19 خوارج کو مختلف کارروائیوں میں جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ضلع مہمند میں انٹیلی جنس اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 14 خوارج مارے گئے۔ یہ تمام دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تیسری کارروائی بنوں میں عمل میں لائی گئی، جس میں ایک خارجی انجام کو پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے وافر اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ تمام عناصر ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے، تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔