اسلام آباد: ایف بی آر کی تاجر دوست اسکیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھوٹے تاجروں سے ٹیکس وصول کرنے کے بجائے بڑے خوردہ فروشوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ریٹرنز، ڈیٹا سیکیورٹی اور کمرشل بجلی کی کھپت کے ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر بڑے تاجروں کو رجسٹر کرے گا۔
فی دُکان ریٹیل آؤٹ لیٹ پر فکسڈ ٹیکس کی موجودہ پالیسی کو معطل کردے گا، اس پالیسی پر نظرثانی کی آئی ایم ایف نے توثیق کی ہے یا نہیں یہ سب سے بڑا سوالیہ نشان ہوگا۔
خیال رہے کہ تاجر دوست اسکیم مطلوبہ ٹیکس وصول کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔
پہلی سہ ماہی میں ہدف 10 ارب روپے رکھا گیا تھا اور دوسری سہ ماہی کی مدت کے لیے ٹی ڈی ایس کی وصولی 23.4 ارب روپے تک جانے کا ہدف تھا۔
ایف بی آر نے رواں مالی سال کے دوران ٹی ڈی ایس کے ذریعے 50 ارب روپے کی وصولی کے لیے آئی ایم ایف سے اتفاق کیا۔