لاہور: ہمارے ملک میں کئی ایسے نامور فنکار اپنے بڑھاپے اور آخری ایام میں مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، جن کے فن کا طوطی عروج پر سارے جہان میں بولتا تھا، تاہم جب اُن کی زندگی مشکلات سے دوچار ہوئی تو کوئی اُن کی مدد کو نہ آیا۔ وہ مالی مشکلات کا شکار ہی رہے۔
اب ایک اور نامور مزاحیہ فنکار شدید کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والے اداکار ماجد جہانگیر مالی امداد کے لیے سڑک پر آگئے۔
شہرہ آفاق مزاحیہ ٹی وی سیریز ’ففٹی ففٹی‘ میں کردار ادا کرنے والے ماجد جہانگیر فالج کے مریض ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فنی خدمات کے اعتراف میں مجھے تمغہ امتیاز سے ضرور نوازا، لیکن مالی امداد نہیں کی۔
ماجد جہانگیر نے کہا کہ 6 سال سے فالج ہوا ہے کچھ نہیں کرسکتا، گورنر سندھ نے مالی امداد کا اعلان کیا لیکن کچھ نہیں ہوا، وزیراعظم عمران خان اور صدرِ پاکستان سے مالی امداد کرنے کی اپیل ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اداکاروں کے فنڈ سے ماہانہ وظیفہ لگانے کا اعلان کیا جائے۔