کوئی بھی فرد تنہا بڑا مقام یا کامیابی حاصل نہیں کرسکتا، ماہرہ خان

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی سپراسٹار ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک دنیا میں کوئی بھی شخص مکمل طور پر سیلف میڈ نہیں ہوسکتا۔ ان کا ماننا ہے کہ کامیابی حاصل کرنے میں ہمیشہ خاندان، دوستوں اور دیگر لوگوں کا تعاون شامل ہوتا ہے۔
ماہرہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ خاندان اور دوستوں کی مدد اور تعاون کی اہمیت پر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ایک تقریب کے اختتام پر ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے دورانِ تقریب خاندان اور دوستوں کی حمایت پر بے حد زور دیا، اس بارے میں مزید کیا کہیں گی؟
ماہرہ خان نے جواب دیا کہ انہوں نے تقریب میں بھی یہی بات کی کہ سیلف میڈ صرف کہنے کی حد تک اچھا لگتا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین، بھائی، بیٹے، دوستوں اور ساتھ کام کرنے والے افراد کے سر باندھتی ہیں، اگر یہ سب سپورٹ نہ کرتے تو آج میں اسٹار نہ ہوتی۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ساتھ نئے ساتھیوں اور پیشہ ورانہ تعلقات کا بھی اہم کردار ہے۔ اداکارہ کے مطابق سیلف میڈ کا تصور حقیقت سے زیادہ ایک خوبصورت خیال ہے۔
ماہرہ کا ماننا ہے کہ ہر فرد کسی نہ کسی کی مدد اور سہارے کے ذریعے ہی کامیابی حاصل کرتا ہے کوئی بھی تنہا دنیا میں بڑا مقام یا کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔

ActressMahira Khanmedia talkStar