کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان لباس پر تنقید کرنے والوں پر پھٹ پڑیں۔
ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے ایوارڈ شو میں اداکارہ ماہرہ خان کو پہنے گئے لباس پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جس پر ماہرہ خان نے وائرل ویڈیو پر تنقید کرنے والی ناقد خاتون کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کرتی آئی ہیں، وہ کرتی رہیں گی۔
رافعہ زکریا نامی ٹوئٹر صارف نے ماہرہ خان کی ہم ایوارڈز کی ایک وائرل ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ اب اداکارہ ویڈیو میں پہنے ہوئے چاروں جوڑے سیلاب متاثرین کو عطیہ کردیں گی۔
ناقد خاتون نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستانی اداکار ٹورنٹو میں ایوارڈز شو کے نام پر چھوٹے سے علاقے میں سجائے گئے ریڈ کارپٹ پر مشہور شخصیات ہونے کا ڈراما رچارہے ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ ایوارڈز شوز میں انعقاد کرانے والے ٹی وی کو ہی فائدہ ہوتا ہے۔
ماہرہ خان نے مذکورہ خاتون کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کہ پاکستانی شوبز شخصیات کچھ بھی کرلیں مگر کوئی بھی شخص ان سے خوش نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ متاثرین کی مدد کرنے سمیت دیگر فلاحی کاموں میں اپنے حصے کا کام کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی۔
ماہرہ نے کہا کہ ہاں وہ انہیں دکھانے کے لیے فلاحی کام کرتے وقت کچھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں خوش کرسکتی ہیں مگر پھر بھی لوگ ان سے خوش نہیں ہوں گے اور کہیں گے کہ شوبز شخصیات فلاحی کام کرتے وقت بھی دکھاوا کرتی ہیں۔
ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ اگر وہ فلاحی کام کرتے وقت ویڈیوز بناتی ہیں تو انہیں طعنے دیے جائیں گے کہ صدقہ کرتے وقت بھی دکھاوا کررہی ہیں، اس لیے جو ان پر تنقید کررہے ہیں، وہ اپنا کام جاری رکھیں اور میں اپنا کام جاری رکھوں گی۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان سمیت شوبز انڈسٹری کے کئی نامور ستارے گزشتہ ہفتے ایوارڈ شو کے لیے ٹورنٹو میں موجود تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ناقدین کا کہنا تھا کہ ملک کا ایک بڑا حصہ سیلاب کی زد میں ہے لوگ بھوکے مررہے ہیں اور شوبز والے ایوارڈ شو کے لیے بیرونِ ملک چلے گئے۔