کراچی: معروف اداکارہ مدیحہ امام نے اپنی شادی سے متعلق اہم انکشاف کردیے۔
مدیحہ امام نے ایک میگزین کو انٹرویو میں بتایا کہ میرے شوہر کا تعلق بھارت کے اروناچل پردیش سے ہے، لیکن ہماری شادی دبئی میں ہوئی تھی، جس میں میرے والدین نے شرکت نہیں کی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ جب میری شادی کی تاریخ طے ہوئی تو میرے والد ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے میری والدہ بھی میرے نکاح میں شرکت نہیں کرسکی تھیں اور پھر بہنوں کی موجودگی میں میرا نکاح ہوا جب کہ والدین بذریعہ ویڈیو کال نکاح میں شریک ہوئے۔
اداکارہ مدیحہ امام نے کہا کہ ہم نے والد کی مکمل صحت یابی تک ولیمہ ملتوی کردیا تھا اور نکاح کے 4 ماہ بعد دبئی میں ہی ولیمہ کیا۔
مدیحہ امام نے کہا کہ میرے شوہر موجی بسر مجھ سے ساڑھے چار سال چھوٹے ہیں، عُمر کے فرق کی وجہ سے ہماری ذہنی سوچ کے درمیان بھی فرق ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ وقت کے ساتھ یہ فرق ختم ہوجائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ جب موجی نے مجھے شادی کے لیے پروپوز کیا تھا تو اُس وقت میری عُمر 31 سال تھی، ہم دونوں ہی شادی کو لے کر بہت سنجیدہ تھے، لہٰذا میں نے فوراََ ہاں کردی تھی۔
خیال رہے کہ مدیحہ امام نے سال 2023 میں دبئی میں شادی کرکے سب کو حیران کر دیا تھا، اداکارہ کے شوہر کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بھی شوبز انڈسٹری کا ہی حصہ ہیں۔