مدارس بل: حکومت اور جے یو آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب

اسلام آباد: مدارس بل کے معاملے پر حکومت اور جے یو آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے پر اتفاق کیا گیا ہے، وزیراعظم نے وزارت قانون کو آئین اور قانون کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کرادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق مدارس بل کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس میں بڑی بیٹھک ہوئی، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان وزیراعظم سے ملنے وزیراعظم ہاؤس پہنچے، مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا اسعد محمود بھی ان کے ساتھ تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ اور عطا تارڑ، رانا ثناء اللہ، پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ بھی شریک ہوئے اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم کے درمیان مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیش رفت ہوئی، وزیراعظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ وزارت قانون اس معاملے کو حل کرنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کرے۔
دریں اثناء وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس بیٹھک کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم سے مدارس بل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ہم نے کہا بل پر جو صورت حال پیدا ہوئی اس پر حکومت فیصلہ کرے، امید ہے ہمارا مطالبہ مانا جائے گا، ایک دو روز میں خوش خبری ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر نے بل پر جو اعتراض کرنا تھا وہ پہلے ہی آچکا، اعتراض پر اسپیکر کا جواب آنے اور آئینی مدت گزرنے کے بعد ایک اور اعتراض نہیں بنتا، مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل ایکٹ بن چکا، اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

Govt of PakistanJUI (f)Madaris BillNegotiationsNotification ExpectedSuccessful