کراچی: گزشتہ روز اچانک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ کیا گیا تو اب ایل پی جی کی قیمت بھی 5 روپے فی کلو تک بڑھادی گئی۔
پی ایس او، پارکو، ایس ایس جی سی اور فان گیس سمیت دیگر سرکاری سطح کی مارکیٹنگ کمپنیاں ایل پی جی قیمتییں بڑھانے میں بھی بازی لے گئیں۔ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے 23 جون 2020 کو بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ ہفتے کو فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت میں مزید 5 روپے اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ہوا۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے میڈِیا کو بتایا کہ جون 2020 کے لیے اوگرا کی مقررہ 110 روپے فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کو بدنام کرنے کے لیے سرکاری مارکیٹنگ کمپنیاں متحرک ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لے بصورت دیگر حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔