کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور بجلی بندش کا دورانیہ 14 گھنٹوں تک جاپہنچا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں لیاری، کیماڑی، سرجانی، لیاقت آباد، کورنگی، نیوکراچی، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاون میں 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ گذری، ایف بی ایریا، گارڈن، ملیر، ماڑی پور، میمن گوٹھ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد میں 12 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے قیوم آباد، کوئنزروڈ، شادمان اور سرجانی کے متعدد علاقوں میں بھی 10 گھنٹوں سے زائد کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
کاروباری علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے اقبال مارکیٹ، کاظم مارکیٹ اور جامع کلاتھ کے متعدد بازاروں میں کاروبار متاثر ہورہا اور دکان دار پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود تکنیکی خرابی کے نام پر کے الیکٹرک کی جانب سے مزید بجلی کی بندش کی جارہی ہے جب کہ ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر عملہ فون نہیں اٹھاتا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر موجود شیڈول میں 10 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا وقت درج ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور لوڈشیڈنگ دیے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے۔