لاہور: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں چینی اور آٹے کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کراچی میں چینی اور آٹے کے جہاز آچکے ہیں، جلد عوام کو سبسڈی دی جائے گی۔ چینی اور آٹے کے بحران کی ذمے داری قبول کرتے ہیں لیکن آئندہ چند روز میں قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک ن اور ش لیگ الگ ہوجائیں گے۔ ن لیگ پتھر مارنے والی اور ش لیگ سنگ تراش جماعت ہوگی۔ میرا نہیں خیال سال کے آخر تک دونوں گروپ اکٹھے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ووٹ کو عزت کیوں نہیں دے رہے، اپنے آپ کو سرنڈر کریں۔ نواز شریف کی علالت پر عدالتیں کہہ رہی جو ہسپتال داخل نہیں ہوا پیناڈول یہاں سے بھی ملتی ہیں۔ عدالتوں کو مطلوب تمام افراد لندن کو پناہ گاہ بنائے ہوئے ہیں۔ جو عدالتوں کو مطلوب، وہ لندن میں اکٹھے ہیں۔ لندن اشتہاریوں کی آماج گاہ بنتا جارہا ہے۔ شہباز شریف پچھتارہے ہیں وہ واپس کیوں آئے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ گجرپورہ سانحہ دنیا میں ندامت کا باعث بنا، جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ سی سی پی او کے بیان پر کہوں گا سب لوگ میڈیا پر بات کرنے والے نہیں ہوتے ان کا بیان غیر ذمے دارانہ اور بغیر سوچے سمجھے دیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے، کب ہوں گے اس کا پتا نہیں۔ ایم ایل ون کا شدت سے انتظار ہے، 20 ستمبر کے ٹینڈر ہوجائیں گے جو گیم چینجر ہوگا۔